
اسرائیل کی جانب سے پیر کو کراسنگ پوائنٹس کھولنے کے بعد غزہ میں ہزاروں فلسطینیوں نے شمال کی طرف نقل مکانی شروع کر دی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ پیش رفت حماس کی جانب سے اربیل یہود اور دیگر دو اسرائیلی قیدیوں کو چھوڑنے پر رضامندی ظاہر کرنے کے بعد سامنے آئی ہے۔
مقمی ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی فوٹیج میں بڑی تعداد میں لوگوں کو شمال کی جانب سفر کرتے دکھایا گیا ہے جب کہ عینی شاہدین نے بتایا کہ مرکزی غزہ میں پہلا کراسنگ پوائنٹ مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے کھلنے کے بعد کچھ لوگ صبح سویرے غزہ شہر پہنچ گئے۔ دوسرا کراسنگ پوائنٹ صبح نو بجے کھلنا تھا۔
کراسنگ پوائنٹس کھلنے کی خبروں کے بعد بے گھر خاندانوں نے پناہ گاہوں اور کیمپوں میں خوشی سے نعرے لگائے۔
پانچ بچوں کی والدہ غادہ نے روئٹرز کو بتایا: ’ہمیں رات بھر نیند نہیں آئی، میں نے سب کچھ پیک کر لیا ہے اور دن کی پہلی روشنی کے ساتھ جانے کے لیے تیار ہوں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’کم از کم ہم اپنے گھروں کو واپس جا رہے ہیں۔ اب میں کہہ سکتی ہوں کہ جنگ ختم ہو گئی ہے اور امید ہے کہ حالات پُرامن رہیں گے۔