
نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پیر کو فلسطین کے عوام کے لیے 100 ٹن سامان پر مشتمل 23ویں امدادی کھیپ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے خصوصی پرواز کے ذریعے روانہ کر دی۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کھیپ الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے روانہ کی رہی ہے۔
پاکستان نے پچھلے کئی ماہ میں فلسطین کے لیے امدادی کھیپیں بھیج چکا ہے۔ این ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق یہ 23ویں کھیپ ہے اور مجموعی طور پر 2,227 ٹن امداد روانہ کی جا چکی ہے۔ حکومتی اور نجی فلاحی اداروں کی شراکت اس عمل کو ممکن بنا رہی ہے۔
غزہ میں گذشتہ کئی ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 65 ہزار سے زیادہ فلسطینی مارے جا چکے ہیں جن میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے جب کہ مسلسل اسرائیلی جارحیت سے پٹی میں انسانی بحران شدید ہو چکا ہے۔
صحت کی سہولیات تباہ، خوراک اور پانی کی شدید قلت اور بنیادی ضروریات کی کمی نے لاکھوں فلسطینیوں کو متاثر کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں قحط کی صورت حال کا سامنا ہے۔ عالمی برادری کی جانب سے فوری جنگ بندی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی اپیلیں کی جا رہی ہیں مگر اسرائیلی بمباری کے باعث امدادی سامان کی ترسیل میں مسلسل مشکلات پیش آ رہی ہیں۔


