
لوچستان کے سرحدی شہر چمن میں حکام نے بتایا کہ پاکستان افغانستان سرحد کے قریب جمعرات کو ایک زور دار بم دھماکے میں چھ افراد جان سے گئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر چمن امتیاز علی بلوچ نے فون پر بتایا کہ واقعہ سرحد کے قریب بہاول ٹیکسی سٹینڈ پر پیش آیا، جہاں ایک دکان میں موجود بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا۔
ایس ایچ او چمن ولی کاکڑ نے بتایا کہ مرنے والوں میں دو افراد کی شناخت ہو چکی ہے، جو چمن کے رہائشی تھے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں کہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے ہوا یا بارودی مواد کے پھٹنے کی وجہ سے۔
دھماکے کے فوری بعد سول ہسپتال میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔
نعشوں اور ایک زخمی کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمی کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حکومت بلوچستان نے دھماکے کی سخت مذمت کرتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔
محکمہ داخلہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ دھماکے کے بعد لیویز فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقعے پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔


