کرم میں بنکر مسمار کرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کا حکومتی اعلان

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت بدھ کو ایک اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آج سے کرم میں غیر قانونی بنکرز کو مسمار کرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

پشاور میں ہوئے اس اجلاس میں چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں کرم کی تازہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس کے بعد جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ کرم کے لیے ضروری اشیا پر مشتمل چار قافلے اس مہینے کے آخر تک روانہ کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ کرم امن معاہدے کے دستخط کنندگان کے ساتھ جرگہ بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جس میں معاہدے پر عمل درآمد کے سلسلے میں ان کی ذمہ داریوں کو اجاگر کیا جائے گا۔

اجلاس میں دیہات کی سطح پر قائم کمیٹیوں کو فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ علاقے کو اسلحہ سے پاک کرنے کے لیے دونوں فریقین سے طریقہ کار جلد از جلد حکومت کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں طے ہوا کہ بگن کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی ان کے تعاون سے مشروط ہوگی، اور علاقے میں دونوں اطراف کے دہشت گردوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔

بیان کے مطابق کرم میں کشیدگی کے حوالے سے درج مقدموں میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنانے کے ساتھ سول انتظامیہ اور پولیس کو قیادت کا کردار دیا جائے گا، جبکہ دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے انہیں مدد فراہم کریں گے۔

کرم روڈ کی سکیورٹی کے لیے خصوصی دستے تعینات کیے جائیں گے اور پولیس عارضی اور مستقل بھرتیوں کے لیے منصوبہ بندی کرے گی۔

اجلاس میں متاثرہ بگن بازار کی بحالی اور تزئین و آرائش کے لیے فوری اقدامات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

https://www.facebook.com/newshighlights.com.pk

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے